کینیڈا میں امیگریشن حکام کا ‘نامناسب رویہ’، ایرانی حکام کا فیفا کانگریس کا بائیکاٹ

ایئرپورٹ پر کینیڈین حکام نے ایران کی مسلح افواج (پاسدارانِ انقلاب) کے حوالے سے توہین آمیز رویہ اختیار کیا، ایرانی حکام

               
April 30, 2026 · اسپورٹس, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ٹورنٹو / تہران: ایران کی فٹ بال فیڈریشن کے عہدیداروں نے کینیڈا میں منعقد ہونے والی 76 ویں فیفا کانگریس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ٹورنٹو ایئرپورٹ پر کینیڈین امیگریشن حکام کے مبینہ ناروا سلوک کے بعد کیا گیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے ‘تسنیم’ کے مطابق فیڈریشن کے صدر مہدی تاج اور ڈپٹی سیکرiٹری جنرل سمیت تین اعلیٰ حکام ویزہ ہونے کے باوجود ٹورنٹو ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ تاہم، وہاں امیگریشن حکام کے “غیر مناسب رویے” اور تکرار کے بعد وہ اگلی ہی دستیاب پرواز سے واپس ترکی روانہ ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام نے الزام لگایا ہے کہ ایئرپورٹ پر کینیڈین حکام نے ایران کی مسلح افواج (پاسدارانِ انقلاب) کے حوالے سے توہین آمیز رویہ اختیار کیا، جسے ایران نے اپنی قومی عزت پر حملہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ کینیڈا نے حال ہی میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا ہے، جس کی وجہ سے ایرانی حکام کو کینیڈا کے داخلی راستوں پر سخت سوال و جواب اور اسکریننگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔