امریکہ کوئی ہوٹل نہیں،تارکین وطن امریکی اقدار کا احترام کریں،نینسی میس

اگر کسی کو امریکہ کی اقدار، آئین، ثقافت یا طرزِ زندگی پسند نہیں تو اسے یہاں نہیں آنا چاہیے

November 15, 2026 · بام دنیا
امریکہ کوئی ہوٹل نہیں،تارکین وطن امریکی اقدار کا احترام کریں،نینسی میس

امریکہ کوئی ہوٹل نہیں،تارکین وطن امریکی اقدار کا احترام کریں،نینسی میس

امریکی رکن کانگریس نینسی میس نے تارکین وطن سے کہا ہے کہ اگر وہ امریکہ میں رہنا چاہتے ہیں تو انہیں ملک کی اقدار، آئین، ثقافت اور طرزِ زندگی کا احترام کرنا ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نینسی میس نے کہا کہ امریکہ کوئی ہوٹل نہیں جہاں آکر کوئی بھی اپنی مرضی کے مطابق تبدیلیوں کا مطالبہ کرے۔ ان کے مطابق امریکہ آنے والوں کو اس ملک کے اصولوں اور روایات کا احترام کرنا چاہیے۔

نینسی میس کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو امریکہ کی اقدار، آئین، ثقافت یا طرزِ زندگی پسند نہیں تو اسے یہاں نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں داخلہ ایک سہولت ہے، بنیادی حق نہیں، جبکہ ملک کا احترام کرنا کم از کم تقاضا ہے۔

امریکی رکن کانگریس نینسی میس کی جانب سے تارکین وطن کو امریکی اقدار، آئین اور ثقافت کا احترام کرنے کی تلقین پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

نینسی میس کے بیان پر بعض صارفین نے ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ آنے والوں کو ملکی ثقافت اور قوانین کا احترام کرنا چاہیے، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اگر امریکہ ہوٹل ہے تو اسرائیل اس کا مالک ہے۔ ایک اور صارف نے نینسی میس کو امریکی آئین دوبارہ پڑھنے کا مشورہ دیا۔

کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا امریکی اقدار کے احترام کا یہی اصول ملک میں موجود تمام مذہبی اور سیاسی گروہوں پر بھی لاگو ہوتا ہے؟ ایک صارف نے کہا کہ یہ اصول صہیونیوں، یہودیوں اور مسلمانوں سمیت سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب بعض صارفین نے نینسی میس کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ امریکی معاشرے کا حصہ بننا چاہتے ہیں انہیں وہاں کے قوانین اور روایات کا احترام کرنا ہوگا۔ تاہم کئی تبصروں میں ذاتی حملے اور سخت زبان بھی استعمال کی گئی۔