وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیربااثر ترین مسلمان شخصیات کی فہرست میں سرفہرست ،عطااللہ تارڑ کی قوم کو مبارکباد
معرکہِ حق سے لے کر عالمی سفارت کاری تک دونوں رہنماؤں نے یہ سفر ایک ساتھ طے کیا،وفاقی وزیرِ اطلاعات
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی سطح پر بااثر ترین مسلمان شخصیات کی سالانہ فہرست “دی مسلم 500” کے 2027 کے ایڈیشن میں مشترکہ طور پر پہلا نمبر حاصل کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے اس اعزاز کو ہر پاکستانی کے لیے اللہ کے حضور شکر ادا کرنے کا لمحہ قرار دیا۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم دنیا کی سب سے معتبر سالانہ درجہ بندی میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مشترکہ طور پر سرفہرست آنا پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
Alhamdulillah, a moment of gratitude for every Pakistani.
The Muslim 500, the Muslim world’s most respected annual ranking of influence, has placed PM @CMShehbaz and Field Marshal Syed Asim Munir jointly at the top.
From Marka-e-Haq to global diplomacy, they walked this journey… pic.twitter.com/R7jrjWw2Qf
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) November 15, 2026
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ معرکہِ حق سے لے کر عالمی سفارت کاری تک دونوں رہنماؤں نے یہ سفر ایک ساتھ طے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عالمی اعتراف درحقیقت ہمارے شہدا کی عظیم قربانیوں اور پوری قوم کے اتحاد کو خراجِ تحسین ہے۔ پیغام کے اختتام پر انہوں نے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بھی درج کیا۔
واضح رہے کہ اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ سالانہ فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھی مشترکہ طور پر سرفہرست رکھا گیا ہے۔