بھارت میں بندر کے حملے سے خاتون شدید زخمی، سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل

خوفناک واقعہ، محکمہ جنگلات کی کارروائی، بندر پنجرے میں قید۔

November 15, 2026 · اہم خبریں
بھارت کے علاقے گجرات میں خاتون پر حملہ کرنے والے بندر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا منظر۔

بھارت کے علاقے گجرات میں خاتون پر حملہ کرنے والے بندر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا منظر۔

بھارت کی ریاست گجرات میں ایک حیرت انگیز اور خوفناک واقعے کے دوران آوارہ بندر نے حملہ کرکے ایک خاتون کو شدید زخمی کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گجرات کے علاقے چھانی جکاتناکا میں پیش آیا، جہاں ایک رہائشی عمارت سے خاتون صبح کی چہل قدمی کے لیے باہر جارہی تھیں کہ اچانک یہ حادثہ پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب خاتون واک پر جارہی تھیں تو سامنے سے ایک آوارہ بندر دوڑتے ہوئے آیا اور ان پر حملہ آور ہوگیا۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بندر نے خاتون پر حملہ کرتے ہوئے انہیں متعدد بار کاٹا، جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر کر شدید زخمی ہوگئیں۔

اس دلخراش واقعے کے بعد علاقہ مکینوں اور رہائشی عمارت کے افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہریوں کی جانب سے محکمہ جنگلات سے بار بار شکایات کی گئیں کہ یہ بندر اس علاقے میں مسلسل مداخلت اور دہشت کا سبب بن رہا ہے۔ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کی ٹیم نے ہفتے کے روز طویل محنت کے بعد بالاآخر اس حملہ آور بندر کو پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا ہے، جس کے بعد لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔