ایران کے خلاف جنگ کے امریکی اخراجات 48 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
پنٹاگون کا نیا تخمینہ، سینیٹ نے قرارداد مسترد کر دی، ناکہ بندی پر روزانہ لاکھوں ڈالر خرچ
ایران کے خلاف جنگ کے امریکی اخراجات 48 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
واشنگٹن میں جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایران کے خلاف جاری جنگ پر امریکا کے اخراجات بڑھ کر 48.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق پنٹاگون کے بجٹ اہلکار آرتھر ملر نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو یہ تازہ ترین تخمینہ پیش کیا، جس میں فوجی آپریشنز کے ساتھ ساتھ ساز و سامان اور گولہ بارود سے متعلق اخراجات شامل کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس رقم میں مشرق وسطیٰ میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں امریکی فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ شامل نہیں ہے، جس کے بعد ارکان کانگریس نے پنٹاگون سے ان نقصانات کے اعداد و شمار فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق ایرانی حملوں میں طیاروں کے ہینگرز، حملوں کا پتہ لگانے والے نظام، گوداموں اور فوجیوں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث اربوں ڈالر کے ساز و سامان کو نقصان پہنچا، تاہم ان نقصانات کی مکمل تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔
اس موقع پر سینیٹر الزبتھ وارن نے انکشاف کیا کہ ایرانی جہاز رانی کی امریکی بحری ناکہ بندی پر یومیہ 32.5 ملین ڈالر لاگت آ رہی ہے، جبکہ بحرین میں امریکی بحریہ کے علاقائی ہیڈکوارٹرز پر ایرانی حملے سے 400 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔ دوسری جانب امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ رکوانے اور صدر کے جنگی اختیارات محدود کرنے کی قرارداد 51 کے مقابلے میں 48 ووٹوں سے مسترد کر دی ہے۔