اقوام متحدہ کی کمیٹی نے ایران میں انسانی حقوق سے متعلق قرارداد منظور کر لی
کینیڈا کی جانب سے پیش کی گئی، امریکا اور اسرائیل ووٹنگ سے غیر حاضر رہے
اقوام متحدہ کی کمیٹی نے ایران میں انسانی حقوق سے متعلق قرارداد منظور کر لی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی نے ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ قرارداد میں ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، شہری آزادیوں پر پابندیوں اور مختلف طبقات کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق یہ قرارداد کینیڈا کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جسے 76 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی۔ قرارداد کی مخالفت میں 27 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ 64 ممالک نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ امریکا اور اسرائیل بھی ووٹنگ سے غیر حاضر رہنے والے ممالک میں شامل تھے۔
منظور شدہ قرارداد میں ایرانی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ، بنیادی آزادیوں کی پاسداری اور بین الاقوامی ذمہ داریوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ قرارداد میں ایران سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ کرے، شہریوں کی بنیادی آزادیوں کا احترام کرے، غیرقانونی حراستوں اور تشدد کی روک تھام کرے اور خواتین سمیت تمام شہریوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنائے۔