بابا گرو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تیاریاں مکمل، 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری
مذبی یاترا کا آغاز، بھارتی سکھ مہمان 22 نومبر کو پہنچیں گے، خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
بابا گرو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تیاریاں مکمل، 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری
سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی طرف سے 3 ہزار کے قریب سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔ بھارتی مہمان 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
دستاویزات اور شیڈول کے مطابق سکھ یاتری واہگہ بارڈر سے اسپیشل بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے، جہاں 23 نومبر کو مختلف گوردواروں کی زیارت کی جائے گی۔ 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جس میں بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔ 25 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب سے گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے اور رات گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔
شیڈول کے تحت 27 نومبر کو یاتری گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور نارووال جائیں گے جبکہ 28 نومبر کو نارووال میں کبڈی میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے بعد یاتری لاہور پہنچیں گے جہاں 29 اور 30 نومبر کو مختلف گوردواروں کی زیارت کی جائے گی، اور یکم دسمبر کو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے مطابق یاتریوں کے لیے رہائش، کھانا اور طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔