پاکستان اسٹیٹ آئل نے ایل پی جی کی قیمت 509 روپے 86 پیسے فی کلو مقرر کر دی
نیا نرخ جاری، ڈیلرز نے شدید تحفظات کا اظہار کیا، مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پاکستان اسٹیٹ آئل نے ایل پی جی کی قیمت 509 روپے 86 پیسے فی کلو مقرر کر دی
پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے مائع گیس (ایل پی جی) کی نئی قیمت کا اعلان کرتے ہوئے اسے 509 روپے 86 پیسے فی کلو مقرر کر دیا ہے۔ سرکاری کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ان نئے نرخوں کے بعد شہر میں پہلے سے 450 روپے فی کلو فروخت ہونے والی ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پی ایس او کی جانب سے مقرر کردہ ان بلند نرخوں پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے نرخوں کے تعین کے اختیارات پی ایس او کو منتقل کرنے سے قیمتیں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی ہیں۔ پی ایس او کی سرکاری ویب سائٹ پر ایل پی جی کا نیا ریٹ 509 روپے ظاہر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین عمران فاروقی نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے ڈسٹری بیوٹرز اس وقت عوام کو 440 سے 450 روپے فی کلو کے حساب سے ایل پی جی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 509 روپے کا یہ سرکاری ریٹ مارکیٹ میں مزید مہنگائی کو جواز فراہم کرے گا اور اس اعلان سے ناجائز منافع خوری کی حوصلہ افزائی ہوگی، جس کے نتیجے میں مہنگائی کے ستائے ہوئے عام شہریوں پر مزید معاشی بوجھ پڑے گا۔