میٹا کا انسٹا گرام اسٹوریز میں تدوین اور نئے فیچرز لانے کا اعلان
اہم اپ ڈیٹ، 15 منٹ میں تبدیلی ممکن، چیٹ ایپ پر بھی کام جاری
میٹا کا انسٹا گرام اسٹوریز میں تدوین اور نئے فیچرز لانے کا اعلان
معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام کے صارفین کے لیے ایک انتہائی مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب پوسٹ کرنے کے بعد بھی اسٹوریز میں ترمیم کی جاسکے گی۔ اس سے قبل صارفین کو اسٹوری میں کسی بھی غلطی کی صورت میں پوری اسٹوری ڈیلیٹ کرکے دوبارہ پوسٹ کرنا پڑتی تھی، تاہم اب یہ زحمت ختم ہوگئی ہے۔
انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری کے مطابق نئے فیچر کے ذریعے صارفین پوسٹنگ کے بعد کسی بھی اسٹوری میں ٹیکسٹ، میوزک، اسٹیکرز اور ڈرائنگز کو تبدیل کرسکیں گے۔ اس مقصد کے لیے صارفین کو اسٹوری کے اوپر دائیں جانب موجود مور بٹن پر کلک کرکے ایڈٹ اسٹوری کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔ دستاویز کے مطابق یہ سہولت اسٹوری پوسٹ کرنے کے بعد صرف 15 منٹ کے اندر میسر ہوگی، اور اس وقت کے گزر جانے کے بعد تدوین ممکن نہیں رہے گی۔
اس کے علاوہ انسٹا گرام نے اسٹوریز کے لیے 3 دیگر نئے فیچرز بھی پیش کیے ہیں جن میں نئے اسٹیکر ڈیزائنز، کسی بھی سائز کی تصویر کے لیے بیک گراؤنڈ کا انتخاب اور متعدد تصاویر کو منتخب کرنے کا آسان طریقہ شامل ہے۔ یہ تمام فیچرز مرحلہ وار جاری کیے جارہے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب میٹا انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام کو مرکزی ایپ سے الگ کرنے کے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈائریکٹ کے نام سے ایک علیحدہ میسجنگ ایپ تیار کی جارہی ہے جس کے ذریعے لوگ انسٹا گرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی باہمی رابطے اور پیغامات کا تبادلہ کرسکیں گے۔