بھارتی ریمارکس اندرونی معاملات میں واضح مداخلت ہیں، دفتر خارجہ کا دو ٹوک مؤقف
اقوام متحدہ میں بے بنیاد بیان مسترد، آبی دہشت گردی اور اسپانسرڈ ٹیررزم کے شواہد موجود، ترجمان دفتر خارجہ
بھارتی ریمارکس اندرونی معاملات میں واضح مداخلت ہیں، دفتر خارجہ کا دو ٹوک مؤقف
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ میں کیے جانے والے بے بنیاد بھارتی بیانات کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اسے ملک کے اندرونی معاملات میں صریح مداخلت قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آبی دہشت گردی پر بات کرنے کے بجائے بھارت نے پاکستانی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں، جو کہ اس کی روایتی ہٹ دھرمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے خلاف بھارتی دشمنی اب دنیا کے سامنے کھل کر عیاں ہو چکی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کی سرپرستی کے ذریعے پاکستان کے معدنی اور معاشی ترقی کے منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششیں کر رہا ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد بھی موجود ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لیے مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے سے گریز نہیں کر رہا۔ سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنا ایک غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام ہے، جبکہ ثالثی عدالت کے فیصلوں سے منہ موڑنا عالمی ذمہ داریوں سے انحراف اور سوالیہ نشان ہے۔ دفتر خارجہ نے اس امر پر زور دیا کہ بھارت عالمی فورمز کو جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال کر رہا ہے، لہٰذا بہتر یہی ہے کہ وہ گمراہ کن پروپیگنڈے کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔