جوہری خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
اہم بیان، ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، امریکی صدر
جوہری خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جوہری خطرے کو روکنے کے لیے عالمی تعاون انتہائی ضروری ہے اور ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ وہ سابق امریکی صدر جارج بش نہیں ہیں اور ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو وہ اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرے گا، اس لیے اسے اس صلاحیت سے محروم رکھنا ناگزیر ہے۔
صدر ٹرمپ نے عالمی جوہری ہتھیاروں کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت امریکا کے پاس تقریباً 4000 جوہری ہتھیار موجود ہیں جبکہ روس اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، اس کے علاوہ چین کے پاس تقریباً 600 جوہری ہتھیار ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ 10 سال میں چین جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں امریکا کے برابر پہنچ سکتا ہے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پہلے دورِ صدارت کے دوران امریکی جوہری ہتھیاروں کو نہ صرف اپ گریڈ کیا گیا بلکہ نئے ہتھیار بھی تیار کیے گئے تاکہ ملکی دفاع کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔