پبلک پراسیکیوشن کو واقعہ کی اطلاع دے کر تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔فائل فوٹو
پبلک پراسیکیوشن کو واقعہ کی اطلاع دے کر تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔فائل فوٹو

مصر کے نجی ہسپتال میں آتشزدگی۔ کورونا کے 7 مریض ہلاک

مصر کے ایک نجی ہسپتال میں اچانک آگ بھڑکنے سے کورونا کے 7 مریض ہلاک ہوگئے، گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں ہسپتال کے 7 کارکن اور کئی لوگ جھلس گئے۔

تفصیلات کے مطابق مصر کے ساحلی شہراسکندریہ کے ایک نجی ہسپتال میں خوفناک آتشزدگی میں کورونا وائرس سے متاثرہ سات مریض دم توڑ گئے۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق اسکندریہ سیکیورٹی کے ڈائریکٹر میجر جنرل سامی غنیم نے بتایا ہے کہ شہری دفاع کی ٹیموں نے ہسپتال میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ ہسپتال اسکندریہ کے بشرعلاقے کی ایک رہائشی عمارت میں واقع تھا، واقعے کے بعد مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ مرنے والے تمام افراد کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔حادثے میں ہسپتال کے انتظامی عملے کے 7 افراد بھی جھلس گئے، مرنے والوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئیں۔

پبلک پراسیکیوشن کو واقعہ کی اطلاع دے کر تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔واضح رہے کہ مصر میں کورونا وائرس سے مزید 83افراد کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 2872 ہوگئی ہے۔

منگل کے روز مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران کورونا وائرس کے 1566 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 66،754 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل روس کے شہر ماسکو کے ایک ہسپتال میں ایسا ہی آتشزدگی کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا جس میں وینٹی لیٹر پر موجود کرونا وائرس کے سات مریض ہلاک ہوگئے تھے آگ ہسپتال کی دوسری منزل پرلگی۔