قابض فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر میں تلاشی لی گئی۔فائل فوٹو
قابض فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر میں تلاشی لی گئی۔فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر۔بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ، میجر سمیت دو اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی پر حملے میں میجر اور اسپیشل پولیس فورس کا ایک اہلکار ہلاک اورایک کانسٹبل زخمی ہوگیا جب کہ اسی علاقے میں سرچ آپریشن کے نام پر قابض بھارتی فوج نے دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے یادی پورہ کے ایک گاؤں میں بھارتی فوج کے قافلے میں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں اسپیشل پولیس فورس کے آفیسر سمیت 92 آر آر بٹالین کے میجر بھی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہے۔

اسی علاقے میں بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اوردو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ قابض بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔

دوسری جانب ضلع شوپیاں میں بھی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکارہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔