ماسکو: آرمینیا اور آذربائیجان کے سفارت کاروں نے روسی وزیر خارجہ کی سربراہی میں 10 گھنٹے کی بات چیت کے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرجی لیوروو نے اعلان کیا ہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں اور آج دن 12 بجے سے سیز فائر پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔
روسی وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دوپہر 12 بجے کے بعد عملاً سیز فائر کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں اور لاشوں کا تبادلہ کیا جائے گا، اس عمل کی تکمیل کے بعد متنازعہ علاقے نگورنو کاراباخ کے تصفیے کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع ہوں گے۔
گزشتہ روز روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں ممالک نے جنگ بندی کے لیے مذاکرات پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ اس اعلان کے بعد دونوں ممالک کے سفارت کاروں کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 27 ستمبر سے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑہوں میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔