لندن: برطانوی حکومت نے ملکہ کی آخری رسومات پرکل ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے ملکہ کے سفر آخرت کی رسومات میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہونگے۔
ملکہ الزبتھ دوم کی سرکاری تدفین کے مناظر پیرکو برطانیہ بھر کے تقریباً 125 سینما گھروں میں براہ راست دکھائے جائیں گے۔ اسی طرح برطانیہ بھر میں پارکس، چوکوں اور کیتھڈرلز میں بھی بڑی اسکرینیں نصب کرکے ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات دکھائی جائیں گی۔برطانیہ کی فلم ایسوسی ایشن جمعرات کے روز اعلان کر چکی کہ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات دکھانے والے سینما گھروں میں لوگوں کا داخلہ فری ہو گا۔
وزارت ثقافت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملکہ کی آخری رسومات ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوں گی اور لندن بھر میں اس سے متعلقہ جلوسوں اور تقریبات کو بی بی سی، آئی ٹی وی ور اسکائی ٹیلی ویژن پربراہ راست دکھایا جائے گا۔
ملکہ الزبتھ دوم کا جسد خاکی ویسٹ منسٹر ہال میں رکھا گیا اور لاکھوں افراد قطاروں میں لگ کر ملکہ کا دیدار کر رہے ہیں۔ پیر کی صبح تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ملکہ کی آخری رسومات میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت، وزرائے اعظم اور شاہی خاندانوں کے افراد کی شرکت متوقع ہے ۔ ملکہ 8 ستمبرکو 96 سال کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔