ایران کا امریکا کو سخت انتباہ،کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان
ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
تہران: ایران نے امریکا کو ایک بار پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سرزمین، اہم تنصیبات یا قومی مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق اگر ایران یا اس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی حملے میں کسی دوسرے ملک نے امریکا کی کسی بھی صورت میں معاونت کی تو ایران اسے بھی کارروائی کے دائرہ کار میں تصور کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے مزید کارروائیوں کا عندیہ دیا تھا۔
ادھر ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک ایرانی فوجی عہدیدار نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے پلوں، بجلی گھروں یا دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو ایران خطے میں موجود امریکی مفادات اور اہم بنیادی ڈھانچے کے خلاف جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔
دفاعی اور سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سخت بیانات اور بڑھتی ہوئی کشیدگی سے خطے کی صورتحال مزید حساس ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اگر سفارتی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں تو کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے وسیع علاقائی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ موجود ہے۔