خیبرپختونخوا میں لاکھوں بچوں کے اسکول سے باہر ہونے پر پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر
تعلیم کی فراہمی میں ناکامی، آئین کے آرٹیکل 25 اے کا حوالہ، عدالت سے فوری ایکشن پلان کی استدعا
خیبرپختونخوا میں لاکھوں بچوں کے اسکول سے باہر ہونے پر پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر
پشاور: خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچوں کے اسکول سے باہر ہونے کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔ یہ درخواست اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم محمد اسفند یار شیخ کی جانب سے فقیر اللہ اعوان ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی ہے، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت متعلقہ تعلیمی محکموں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق مردم شماری 2023 کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ صوبے میں 37.49 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ ان میں 29 لاکھ 24 ہزار لڑکیاں اور 19 لاکھ 99 ہزار لڑکے شامل ہیں۔ دستاویز میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبے کے 42 لاکھ 59 ہزار سے زائد بچوں نے کبھی اسکول کا منہ نہیں دیکھا، جبکہ 6 لاکھ 64 ہزار 831 بچے ابتدائی داخلہ لینے کے بعد اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
درخواست گزار کے مطابق کوہستان، تورغر اور سابق فاٹا کے اضلاع میں اسکولوں سے باہر بچوں کی شرح تشویشناک حد تک بلند ہے۔ آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 اے کے تحت 5 سے 16 سال تک کے تمام بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ صوبے میں بچوں کے اسکولوں میں اندراج اور ان کی تعلیمی بحالی کے لیے ایک ٹائم باؤنڈ صوبائی ایکشن پلان فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ اس کے علاوہ غیر فعال اسکولوں کی بحالی، خالی آسامیوں پر اساتذہ کی بھرتی، اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی بجٹ کے شفاف استعمال کو یقینی بناتے ہوئے اس کی تعمیلی رپورٹس عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا جائے۔