ہر ضلع میں صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کا پختہ عزم ہے، مریم نواز

اہم ملاقات، ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال، علاج کی دہلیز پر فراہمی اولین ترجیح ہے۔

November 20, 2026 · ہیلتھ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی اسمبلی کے ارکان پیر محمد اشرف رسول اور خرم خان ورک نے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران عمومی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی پراجیکٹس اور سماجی نوعیت کے پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ارکان اسمبلی نے شیخوپورہ کے عوامی مسائل اور ضروریات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ارکان نے شہر میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے حوالے سے عوام کے پرجوش ردعمل کا بھی ذکر کیا اور شیخوپورہ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹس پر حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کے ہر ڈسٹرکٹ میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال اور کینسر سنٹر قائم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری علاج کی سہولت ان کی دہلیز پر مہیا کرنا ہمارا بنیادی عزم ہے اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی تکمیل سے شہروں کی صورتحال یکسر بدل گئی ہے۔