غیر قانونی گولڈ مائننگ کے الزامات، شہریار آفریدی کا فیصل کریم کنڈی کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

غیر قانونی مائننگ میں ملوث ہر شخص کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے ،پی ٹی آئی رہنما

November 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے معاملے میں اپنا نام لیے جانے پر الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود اس غیر قانونی سرگرمی کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں شہریار آفریدی نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف حکومتی کارروائی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں، تاہم افسوس ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس معاملے میں ان کا نام بھی لیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایسے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں کیونکہ وہ ہر فورم، بشمول میڈیا، پر غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ 2 ستمبر 2026ء کو اپنی ہی حکومت کے دور میں، گورنر راج سے بہت پہلے، کوہاٹ کی ایک کھلی کچہری میں بھی انہوں نے غیر قانونی مائننگ کے خلاف آواز اٹھائی اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے اسے فوری روکنے اور مکمل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس کھلی کچہری کی ویڈیو بھی اپنے بیان کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں تاکہ ان کا مؤقف اور عملی کردار ریکارڈ پر موجود رہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث ہر شخص کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے اور وہ ہر قسم کی تحقیقات میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں، تاہم اپنے خلاف بے بنیاد الزامات پر قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیاست عزت، ملک و قوم کی خدمت اور عوام کے حقوق کے لیے کی ہے، پیسہ اور جائیدادیں نہیں بلکہ عزت کمائی ہے۔ ان کے مطابق وہ عمران خان کے اصولوں پر چلتے ہوئے ایمانداری، دیانت داری اور میرٹ کے نظام پر یقین رکھتے ہیں اور قومی مفاد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔