بدین: بھینس پر وحشیانہ تشدد، کلہاڑی اور چھری کے وار سے شدید زخمی

بھینس کے پیٹ سے لے کر تھنوں تک گہرے زخم آئے،، لائیو اسٹاک ٹیم نے علاج شروع کردیا

November 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بدین : نندو شہر کے قریب گاؤں بقا نہڑیو میں رات گئے نامعلوم افراد نے گھر میں بندھی دودھ دینے والی بے زبان بھینس کو انتہائی بے رحمی اور وحشیانہ انداز میں کلہاڑی اور دیگر تیز دھار اوزاروں کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔

واقعے کے باعث بھینس کے پیٹ سے لے کر تھنوں تک گہرے زخم آئے، جس سے بے زبان جانور شدید اذیت میں مبتلا ہوگی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔بھینس کے مالک لالا نواز شیخ نے بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کسی پر شک ہے۔

ان کے مطابق رات کی تاریکی میں نامعلوم افراد نے گھر میں بندھی ان کی دودھ دینے والی بھینس جو کہ حاملہ بھی تھی جس کو زخمی کر کے مارنے کی کوشش کی۔ واقعے کی اطلاع نندو تھانے کو دے کر رپورٹ بھی درج کرا دی گئی ہے، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بے زبان جانور پر اس وحشیانہ تشدد میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر لائیو اسٹاک محکمہ کی ٹیم زخمی بھینس کے علاج کے لیے موقع پر پہنچ گئی۔ لائیو اسٹاک کے ڈاکٹر نے بھینس کے جسم پر موجود گہرے زخموں کا معائنہ کیا اور فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے زخموں پر ٹانکے لگا کر مرہم پٹی کی۔ ڈاکٹر کے مطابق زخمی بھینس کو مزید طبی نگرانی اور علاج کی ضرورت ہے۔