میرے خیال سے نئے سال میں نیا نظام آئے گا ، خواجہ آصف

2026 میں اس کی کوئی نہ کوئی شیپ نکل آئے گی، ابھی ڈیڑھ مہینہ باقی ہے، گفتگو

November 15, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ میرے خیال سے نئے سال میں نیا نظام آئے گا، 2026 میں اس کی کوئی نہ کوئی شیپ نکل آئے گی، ابھی ڈیڑھ مہینہ باقی ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے اینکر سے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے ونڈو آف اپرچیونٹی ہوسکتی ہے، پی ٹی آئی کے لیے وہ موقع ہے جو ہمیں جنرل باجوہ کی ایکسٹینشن کے موقع پر ملا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں پر اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے، آصف زرداری، نواز شریف اور سب مل کر ممکن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اتفاق رائے میں دیر نہیں لگے گی، اتفاق رائے کے بعد سیاسی منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہوگا، نئے انتظامی یونٹس سے کسی کی سیاست کو خطرہ نہیں، سیاسی بیانیوں میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ نے کبھی نئے صوبوں پر بات کرنے کا نہیں کہا، ملاقاتوں میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے، سیاست ممکنات کا نام ہے، پیپلزپارٹی کے خدشات چند ماہ میں اتفاق رائے میں تبدیل ہو جائیں گے۔

اینکر پرسن شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ 2019 میں کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ ن لیگ کے لیے کوئی رستہ نکلے گا لیکن پھر باجوہ کی ایکسٹینشن کا معاملہ آیا اور ن لیگ کے لیے رستہ نکلا

جس پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں، میں لندن کی اس میٹنگ میں تھا، اس میں فیصلہ ہوا کہ اس سے ہمارے لیے رستہ نکلے گا، یہ کوئی اصول پرستی والی بات نہیں ہے مگر اس سے ہمیں اسپیس ملی اور ہم کھیل میں واپس آ گئے۔