یورپ میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، پاسداران انقلاب
اہم بیان، سپریم لیڈر کا حکم ملا تو کارروائی ہوگی، دشمن کے نفسیاتی آپریشن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یورپ میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، پاسداران انقلاب
تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل محبی نے واضح کیا ہے کہ اگر سپریم لیڈر نے حکم دیا تو ایران یورپ میں موجود امریکی اڈوں کو بھی نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران جب بھی کسی فوجی کارروائی کا ارادہ کرتا ہے تو وہ اس کا برملا اعلان کر کے عملی اقدام کرتا ہے۔
جنرل محبی کا کہنا تھا کہ فی الوقت جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ دشمن کی جانب سے ایک نفسیاتی آپریشن ہے جس کا بنیادی مقصد ایک خاص تاثر قائم کرنا اور جارحانہ کارروائیوں کے لیے زمین ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ایران کسی بھی صورت طویل اور تھکا دینے والی جنگ جاری رکھنے کے حق میں نہیں ہے بلکہ اس تنازعے کو اس کے فیصلہ کن انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال درحقیقت جنگ کی ہی ایک کیفیت ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب، امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی اس تنازعے کے حوالے سے بیانات سامنے آئے ہیں جن میں مبینہ طور پر ایران پر دوبارہ حملوں کا معاملہ اگلے سال تک ملتوی کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ ایرانی عسکری حکام کا کہنا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔