معاشی بحران سے نکلنے تک اور کسی ایجنڈے کو ترجیح نہیں دینی چاہیے، بلاول
مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، چیئر مین پیپلزپارٹی
سسٹم خود تباہ نہیں ہوا،ری سیٹ کی ضرورت ہے لیکن غیر سیاسی نہیں سیاسی ہونا چاہیے،بلاول بھٹو
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا معاشی ایجنڈا ترتیب دینے کا موقع ہی نہیں دیا گیا،، اس وقت ہمارا معاشی بحالی کے علاوہ کوئی اور ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ایسے حالات میں معاشی بحران سے نکلنے تک حکومت کا کوئی دوسرا ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے بلکہ تمام تر توجہ عوام کو ریلیف دینے اور ان کی مشکلات کم کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔
چیئر مین پیپلزپارٹی کے مطابق ،وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا معاشی ایجنڈا ترتیب دینے کا موقع ہی نہیں دیا گیا، وہ جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں، بیچ میں کوئی وزیر آ جاتا ہے۔ معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، امریکا کی جنگ اور خطے کی مجموعی صورت حال کے باعث ہر پاکستانی پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس قدر مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا، ملک ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور بظاہر معاشی مشکلات میں کمی کے بجائے مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی حکومتوں اور سیاستدانوں کی توجہ موجودہ بحران میں عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے، پوری دنیا کی حکومتوں کا فوکس معاشی مشکلات سے نکلنے پر ہے، لیکن انہیں افسوس ہے کہ ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے عوامی مسائل پر توجہ دینا بند کر دی ہے۔ جب تک ملک معاشی بحران سے نہیں نکلتا، اس وقت تک کسی دوسرے ایجنڈے کو ترجیح نہیں دی جانی چاہیے۔