بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، جوش ہیزل ووڈ کا پیٹ کمنز کی حمایت میں ٹیم چھوڑنے کا اعلان

اہم بیان، کپتانی سے ہٹانے پر غور ہوگا، مستقبل کا فیصلہ کریں گے

November 21, 2026 · اسپورٹس
بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، جوش ہیزل ووڈ کا پیٹ کمنز کی حمایت میں ٹیم چھوڑنے کا اعلان

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، جوش ہیزل ووڈ کا پیٹ کمنز کی حمایت میں ٹیم چھوڑنے کا اعلان

آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے سینڈ پیپر گیٹ تنازع پر ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو انہیں بھی ٹیم میں اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوش ہیزل ووڈ نے 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ منصوبے سے متعلق دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کو اس منصوبے کا علم ہونے کا دعویٰ درست نہیں۔

ہیزل ووڈ کا کہنا تھا کہ یہ فرض کر لینا کہ سب کو معلوم تھا اور حقیقت میں سب کو معلوم ہونا، دونوں میں بہت بڑا فرق ہے، انہیں بال ٹیمپرنگ منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا۔ انہوں نے پیٹ کمنز پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز سے مختلف لوگوں کی جانب سے کمنز کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ پیٹ کمنز کی بطور کھلاڑی اور بطور کپتان خدمات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کیمرون بینکرافٹ کے تازہ انکشافات کے بعد کمنز سے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے مطالبات سامنے آنے لگے ہیں۔ بینکرافٹ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ جنوبی افریقا میں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے صرف اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور وہ خود آگاہ نہیں تھے بلکہ پوری ٹیم کو اس کا علم تھا۔ دوسری جانب کمنز اپنے سابقہ مؤقف پر قائم ہیں جبکہ ان کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ پرانے واقعے کی بنیاد پر ان کی قیادت ختم نہیں ہونی چاہیے۔