پیرو کے وسطی علاقے جنین میں 6.9 شدت کا طاقتور زلزلہ
شدید جھٹکے، دارالحکومت لیما تک لرزش محسوس کی گئی، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا
پیرو کے وسطی علاقے جنین میں 6.9 شدت کا طاقتور زلزلہ
جنوبی امریکی ملک پیرو کے علاقے جنین میں 6.9 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے یہ جھٹکے اتنے شدید تھے کہ دارالحکومت لیما سمیت مختلف علاقوں میں بھی ان کی لرزش محسوس کی گئی، جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر اپنے گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر کھلے آسمان تلے نکل آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ تاہم زلزلے کی شدت کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں عمارتوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو ممکنہ نقصان پہنچنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔