نیتن یاہو کی تمام چالیں ناکام ، آئزن کوٹ نے اتحادی حکومت کی پیشکش مسترد کردی
"یہ سیاسی چال نہ مجھ پر اثر انداز ہو گی اور نہ اسرائیلی شہریوں پر،گادی آئزن کوٹ
فائل فوٹو
تل ابیب: عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن رہنما اور وزارتِ عظمیٰ کے نامزد امیدوار گادی آئزن کوٹ نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے قومی اتحادی حکومت بنانے کی پیشکش کو باضابطہ طور پر مسترد کر دیا ۔
عرب میڈیا کے مطابق گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے اس اقدام کو محض ایک “سیاسی چال” قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو بخوبی جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں اور اتحادی حکومت کی تجویز دراصل نئی حکومت کی تشکیل کے عمل کو پیچیدہ اور مشکل بنانے کی ایک کوشش ہے۔ آئزن کوٹ نے مزید کہا کہ اس طرح کے سیاسی حربے نہ تو ان پر اثر انداز ہو سکتے ہیں اور نہ ہی اسرائیلی عوام ان سے متاثر ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق، ایک روز قبل بنجمن نیتن یاہو نے اپوزیشن کو دوبارہ دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف یہودی جماعتوں پر مشتمل ایک قومی اتحادی حکومت تشکیل دی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ حالیہ اسرائیلی انتخابات کے بعد پارلیمان کے 67 ارکان کی حمایت حاصل ہونے پر اسرائیلی صدر نے گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت بنانے کی باضابطہ ذمہ داری سونپی ہے، جس کے بعد ملک میں نئی سیاسی صف بندی جاری ہے۔