بنگلادیشی حکام اور فوجی جنرل جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، عرب میڈیا
بنگلادیشی حکام اور فوجی جنرل جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، عرب میڈیا

بنگلا دیش کے آرمی چیف قتل میں ملوث اپنے بھائیوں کو فرار کرانے میں ملوث نکلے

بنگلادیش کے آرمی چیف جنرل عزیز پر قتل کے مقدمات میں ملوث اپنے بھائیوں کو ملک سے فرار کروانے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیشی حکام اور فوجی جنرل جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بنگلا دیشی حکام نے سرکاری ملازمتوں اور ٹھیکوں میں مالی فوائد حاصل کیے جبکہ بنگلا دیش کے آرمی چیف جنرل عزیز نے قتل کے الزام میں ملوث اپنے دو بھائیوں کو ملک سے فرار کروایا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلا دیش کے آرمی چیف جنرل عزیز احمدکے بھائیوں حارث اور انیس پر1996 میں سیاسی حریف کو قتل کرنے کا الزام ہے، جنرل عزیز احمد نے اپنے بھائی حارث کو ہنگری اور انیس کو ملائیشیا فرار کروایا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ حارث نے بنگلا دیش سے منتقل کی گئی غیر قانونی رقم سے یورپ میں جائیدادیں خریدیں اور کاروبار کیا، حارث نے بنگلا دیشی اعلیٰ حکام کے ساتھ مل کر پولیس میں ہزاروں ڈالر کے عوض ملازمتیں بھی فروخت کیں۔
رپورٹ کے مطابق حارث اور انیس بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے محافظ بھی رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب بنگلا دیش کی وزارت خارجہ نے عرب میڈیا کی رپورٹ کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عزیز کے بھائیوں سے حکومت کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔