لائیو ایران جنگ جلد ختم ہوگی، ٹرمپ
ایران جنگ کی صورت حال پر لمحہ بہ لمحہ خبریں
ایرانی وزیر خارجہ عراقچی نے بیجنگ میں چین کے وانگ یی سے ملاقات کی۔
ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی خبروں کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ ماہرین نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کو اب بھی بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کے فیوچر معاہدے جمعرات کی ابتدائی ٹریڈنگ میں تقریباً ایک ڈالر اضافے کے بعد 95.88 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔
رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز قیمت ایک موقع پر 96.33 ڈالر فی بیرل کی سطح تک بھی گئی۔
یہ اضافہ ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا کہ امریکا اور ایران ابتدائی امن معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
رسک انٹیلی جنس کمپنی ویریسک میپل کرافٹ کے توانائی و وسائل شعبے کے سربراہ کاہو یو نے رائٹرز سے گفتگو میں خبردار کیا کہ جب تک آبنائے ہرمز میں حملوں کا خطرہ واضح طور پر کم نہیں ہوتا، تیل کی قیمتیں اور شپنگ سرگرمیاں معمول پر واپس نہیں آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی رابطے جاری رہنے کے باوجود توانائی کی عالمی منڈی فوری طور پر بحران سے پہلے والی صورتحال میں واپس جاتی دکھائی نہیں دیتی۔
کاہو یو کے مطابق ایران اور چین کے درمیان سفارتی کوششوں کا مقصد کشیدگی میں کمی لانا ہے، تاہم اصل توجہ اس بات پر رہے گی کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلتی ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے مہینوں میں تیل بردار جہازوں کی حقیقی آمدورفت اور توانائی کی ترسیل اس بات کا اصل پیمانہ ہوگی کہ آیا بیجنگ تہران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے خطے میں دیرپا استحکام لا سکتا ہے یا نہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیش گوئی کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی، جبکہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اور تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازع کے حل کیلئے معاہدے کی کوششیں جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جماعت کے حامیوں سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “جو کچھ ہو رہا ہے، ہم ایک بہت اہم وجہ کی خاطر کر رہے ہیں، ہم انہیں جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ امریکا جو اقدامات کر رہا ہے وہ درست ہیں، اور ان کے بقول یہ جنگ “جلد ختم ہو جائے گی۔”
اہم نکات
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ وہ امریکی تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔